ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یلاپور رکن اسمبلی کے گھر کے سامنے ہی چپل سے کی گئی پجاری کی پیٹائی

یلاپور رکن اسمبلی کے گھر کے سامنے ہی چپل سے کی گئی پجاری کی پیٹائی

Sat, 01 Feb 2020 21:03:09    S.O. News Service

یلاپوریکم / فروری (ایس اونیوز)یلاپور رکن اسمبلی شیورام ہیبار کے گھرکے سامنے ہی یہاں کے ایک مشہور مندر کے پجاری کی چپل سے پیٹائی  کیے جانے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد پجاری کی شدھی کرن کی رسم ادا کی گئی ہے۔

 موصولہ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 27جنوری کو پیش آیا تھا جب بی جے پی نگر شکتی کیندرا کے صدر بابو باندیکر نے مندر کے پجاری پرشو رام اچاری کوسر عام چپل سے پیٹ ڈالا۔بتایا جاتا ہے کہ یلاپور اربن کوآپریٹیو سوسائٹی کے انتخابا ت کے تعلق سے پرشورام اچاری اور بابو باندیکر کے درمیان رکن اسمبلی کے گھر کے سامنے تکرار شروع ہوئی تھی۔چپل سے پیٹنے کا فوٹیج رکن اسمبلی کے گھر میں لگے سی سی کیمرے میں قید ہواتھا اب اس کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر عام ہوگئی ہے۔اور اس پرتبصروں اور اعتراضات کا سلسلہ چل پڑاہے اور پوچھا جارہا ہے کہ رکن اسمبلی کے گھر کے سامنے اتنی بڑی واردات ہوجانے کے بعد بھی بی جے پی نے ملزم باندیکرکے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی۔ کیا ایسی حرکتیں کرنا بی جے پی کی ثقافت کا حصہ ہے۔اس کے علاوہ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ اگر بی جے پی لیڈر کے بجائے کسی کانگریسی لیڈر نے یہ حرکت کی ہوتی تو پھر اسے پورے ہندودھرم کی تذلیل قرار دے کربی جے پی کی طرف سے ہنگامہ کھڑا کردیا گیا ہوتا۔

 معلوم ہوا ہے کہ دل دکھانے والے اس واقعہ کے بعد پجاری پرشو رام نے ہندو دھرم کے لوازمات کے مطابق گوکرن کے مندر میں جاکراپنی شدھی کروالی ہے۔پرشورام پچھلے کئی برسوں سے اربن کوآپریٹیو سوسائٹی کے صدر اور دیوی مندر کے پجاری کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہے۔اور لوگوں کے اندر اپنی مقبولیت رکھتا ہے۔شدھی کرن سے واپس لوٹنے کے بعد بھی پرشورام نے بابو باندیکر کے خلاف پولیس میں کوئی شکایت درج نہیں کروائی ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ سوشیل میڈیا پر ویڈیو کلپ وائرل ہونے کے بعد پرشورام کوئی شکایت درج کرواتا ہے یا بی جے پی خود اپنے طور پر بابو کے خلاف کوئی کارروائی کرتی ہے۔
 


Share: